FDAریکوری ٹیم ان ایکشن،غیر قانونی تعمیرات پر23کروڑ70لاکھ وصولی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے کی ریکوری ٹیم نے خصوصی مہم کے دوران غیر قانونی تعمیرات پر مجموعی طور پر 23 کروڑ 70 لاکھ روپے کی وصولی کی، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 29 فیصد زیادہ ہے۔یہ کامیابی موثر ریکوری حکمت عملی، مسلسل فیلڈ مانیٹرنگ اور متعلقہ افسران کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرلایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی جس میں گزشتہ مالی سال کے دوران ریکوری کی کارکردگی اور رواں مالی سال کے اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج، ڈائریکٹر ٹائون ٹو پلاننگ اسما محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ ون افنان سعید سندھو سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ریونیو ریکوری میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال میں ذرائع آمدن میں اضافے کے لیے ٹھوس، موثر اور مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ ادارے کے مالی استحکام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری واجبات کی بروقت وصولی ادارے کی ترقیاتی سرگرمیوں اور عوامی خدمت کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے ناگزیر ہے لہذا تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری، شفافیت اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں اور ریکوری کے اہداف کے حصول کے لیے بھرپور محنت کریں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے مزید کہا کہ غیر قانونی تعمیرات اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریکوری مہم کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ ہونی چاہیئے، بڑے نادہندگان کی فہرستیں مرتب کرکے ان کے خلاف موثر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور ہر ڈائریکٹوریٹ اپنی کارکردگی کے حوالے سے واضح اہداف مقرر کرے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بہتر مالی نظم و ضبط، ریونیو میں اضافہ اور شفاف انتظامی اقدامات کے ذریعے ایف ڈی اے کو ایک مضبوط، خود کفیل اور عوام دوست ادارہ بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں