بیجنگ کے تین رکنی وفد کا دورہ زرعی یونیورسٹی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) انسٹی ٹیوٹ آف ویجیٹیبلز اینڈ فلاورز، چائنیز اکیڈمی آف ایگریکلچر ل سائنسز بیجنگ کے تین رکنی وفد نے انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچرل سائنسز زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کیا۔ وفد میں ڈاکٹر ہائی پنگ وانگ، ڈاکٹر ژیاؤہوئی ژانگ اور ڈاکٹر جیانگ پنگ سانگ نے انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچرل سائنسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد ستار سے ملاقات کی۔ اس موقع پر غازی یونیورسٹی کے چیئرمین شعبہ ہارٹیکلچر ڈاکٹر ظہور حسین، زرعی یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران ڈاکٹر افتخار احمد، ڈاکٹر محمد عثمان، ڈاکٹر راحیل انور، ڈاکٹر راشد وسیم، ڈاکٹر بلقیس فاطمہ، ڈاکٹر محمد مزمل جہانگیر، ڈاکٹر عرفان اشرف، ڈاکٹر کریم یار عباسی اور دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پائیدار سبزیوں کی پیداوار، بعد از برداشت ٹیکنالوجیز، فلوریکلچر، برآمدات اور معیار کے کنٹرول، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ فصلوں، جرم پلازم کے تحفظ اور سائنسی جدت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر احمد ستار نے کہا کہ مشترکہ تحقیقی منصوبے اور اساتذہ و محققین کے تبادلے نہ صرف زرعی شعبے کو درپیش نئے چیلنجز سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ غذائی تحفظ کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچرل سائنسز اس وقت پوسٹ ہارویسٹ، فلوریکلچر، پھلوں اور سبزیوں سے متعلق مختلف تحقیقی منصوبوں پر کام کر رہا ہے تاکہ غذائی تحفظ کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ چینی وفد نے اس موقع پر باہمی تجربات سے استفادہ کرنے، مشترکہ زرعی مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنے اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں