ممبئی (شوبز نیوز) معروف بھارتی شاعر، نغمہ نگار اور اسکرین رائٹر جاوید اختر نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ نے ایسا ماحول پیدا کر دیا ہے جہاں لوگ نئی راہ اختیار کرنے سے گھبراتے ہیں اور اصل تخلیق کے بجائے صرف ٹرینڈز اور وائرل ہونے کی دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں۔ میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں جاوید اختر نے کہا کہ سوشل میڈیا، الگورتھمز اور وائرل کلچر نے موسیقی، کہانی نویسی اور تخلیقی سوچ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ وقتی رجحانات کے بجائے مطالعے، غور و فکر اور اصل تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیں۔جاوید اختر کے مطابق انٹرنیٹ نے ایسے ایکو چیمبرز بنا دیے ہیں جہاں زیادہ تر لوگ کوئی نیا کام کرنے سے ڈرتے ہیں اور جب کوئی دوسرا وہ کام کر لیتا ہے تو پھر سب اسی کی نقل شروع کر دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج لوگ رک کر سوچنا، کسی خیال پر غور کرنا یا اس کا تجزیہ کرنا نہیں چاہتے۔انہوں نے کہا کہ لوگ اپنی زندگی میں مصروف ہیں اس لیے انہیں کائنات، فطرت یا زندگی کے بڑے سوالوں پر سوچنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔




