تاروبا(سپورٹس نیوز) پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز شاندار بولنگ کرتے ہوئے ایک منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا۔میزبان ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں جاری میچ کی پہلی اننگز میں 3 وکٹیں لینے والے محمد عباس نے دوسری اننگز میں بھی تباہ کن آغاز کیا اور اپنے تیسرے اوور میں برینڈن کنگ اور کیوم ہوج کو پویلین بھیج دیا۔بعد ازاں محمد عباس نے ویسٹ انڈین بیٹر جسٹن گریوز کو بھی آئوٹ کیا۔ان 3 وکٹوں کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں محمد عباس کی بولنگ اوسط 22.69 ہوگئی، جس کے ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کے سابق کپتان عمران خان کا 22.81 کی بہترین اوسط کا قومی ریکارڈ توڑ دیا۔محمد عباس ، عمران خان کو پیچھے چھوڑ کر ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین بولنگ اوسط والے قومی فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔عمران خان نے88 میچز میں 362 وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ محمد عباس نے 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرنے کے بعد اب تک 30 ٹیسٹ میچز میں 116 وکٹیں حاصل کر لی ہیں۔پاکستان فاسٹ بولر کی ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین بولنگ اوسط(کم از کم 100 وکٹیں)۔ محمد عباس ، 30* ٹیسٹ میچز میں اب تک 116 وکٹیں، اوسط 22.69۔ عمران خان ، 88 ٹیسٹ میچز میں 362 وکٹیں ، اوسط 22.81۔ وقار یونس ،87 ٹیسٹ میچز میں 373 وکٹیں، اوسط 23.56۔ محمد عباس ٹیسٹ کرکٹ میں بیرونِ ملک100 وکٹیں مکمل کرنیوالے پاکستان کے چھٹے فاسٹ بولر بھی بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں وسیم اکرم، وقار یونس، عمران خان، محمد عامر اور عمر گل بھی شامل ہیں، جبکہ ان تمام بولرز میں محمد عباس کی بولنگ اوسط سب سے بہتر ہے۔




