لاہور(سپورٹس نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل چیمپئنز کپ 2026-27 کے شیڈول اور چاروں ٹیموں کے اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔ون ڈے ٹورنامنٹ 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں فائنل سمیت مجموعی طور پر سات میچز ہوں گے، تمام ڈے اینڈ نائٹ میچز دوپہر 3 بجے شروع ہوں گے۔پی سی بی کے مطابق یہ ٹورنامنٹ نئے ڈومیسٹک سیزن کے آغاز کے ساتھ ساتھ آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں میں بھی اہم کردار ادا کرے گا، نیشنل سلیکشن کمیٹی نے چاروں ٹیموں کے لیے 11، 11 رکنی اسکواڈز کے علاوہ 13 ریزرو کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا ہے، جنہیں ضرورت پڑنے پر اسکواڈ میں شامل کیا جا سکے گا۔ٹورنامنٹ میں پاکستان گرینز، پاکستان گولڈ، پاکستان وائٹس اور پاکستان بلوز شرکت کریں گی۔ شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت کریں گے، جبکہ اعجاز جونیئر، مصباح الحق، اقبال امام اور اعزاز چیمہ ہیڈ کوچز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔




