لاہور (شوبز نیوز) پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار سلطان راہی کے صاحبزادے اور اداکار حیدر سلطان نے سینئر اداکار فردوس جمال کی جانب سے اپنے والد سے متعلق دیے گئے ریمارکس پر سخت ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔حال ہی میں ایک پروگرام میں فردوس جمال نے سلطان راہی کی اداکاری پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے پاس اداکاری کا ہنر نہیں تھا، بلکہ وہ صرف بلند آواز اور بھرپور توانائی کے ساتھ اداکاری کرتے تھے۔اس بیان کے بعد حیدر سلطان نے اپنے ٹک ٹاک اکانٹ پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے فردوس جمال اور پروگرام کے پروڈیوسر دونوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔حیدر سلطان نے کہا کہ میرے والد کے بارے میں غیر ضروری باتیں کی گئیں، فردوس جمال! آپ سینئر ہیں، ایک ٹی وی اداکار ہیں، لیکن آپ کون ہوتے ہیں میرے والد کے بارے میں اس طرح بات کرنے والے؟انہوں نے کہا کہ سلطان راہی ایک عظیم اداکار اور بہترین انسان تھے، پوری دنیا ان کی خدمات کو تسلیم کرتی ہے، آپ کی تنقید سے ان کی عظمت یا فن میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔




