پنجاب میں فیملی تھیٹر کی بحالی کا آغاز اگلے ماہ ہو گا’ عظمیٰ بخاری

لاہور (شوبز نیوز) پنجاب کی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری نے اعلان کیا ہے کہ صوبائی حکومت اگلے ماہ لاہور میں فیملی تھیٹر کی بحالی کا باقاعدہ آغاز کرے گی جبکہ اس مقصد کے لیے تھیٹر سے متعلق قوانین میں بھی اصلاحات کی جا رہی ہیں۔لاہور کے الحمرا آرٹس کونسل کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں عظمی بخاری نے کہا کہ حکومت صوبے میں اسٹیج ڈراموں سے متعلق موجودہ قوانین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں اگلے ماہ الحمرا میں فیملی تھیٹر ڈرامے پیش کیے جائیں گے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی کابینہ کا حصہ بننے کے بعد سے انہوں نے ذاتی طور پر تھیٹر کے شعبے کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ان کے مطابق عوام کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ بعض عوامی اسٹیج ڈرامے غیر مناسب ہیں اور ہماری ثقافتی اقدار کی درست نمائندگی نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ سب سے خوش آئند بات یہ ہے کہ الحمرا میں فیملی تھیٹر کی بحالی کا آغاز کیا جا رہا ہے جہاں سینیئر فنکاروں کے ساتھ باصلاحیت نوجوان اداکار بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ معیاری اور خاندانی تفریح کے فروغ کے لیے اس کوشش کا حصہ بنیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں