2026ء ختم ہونے سے پہلے ہماری ٹیم قوم کو فتوحات کے تحفے دیگی’ فخر زمان

لاہور (سپورٹس نیوز) قومی کرکٹر فخر زمان نے کہا ہے کہ 2026ء ختم ہونے سے پہلے قومی ٹیم قوم کو فتوحات کے تحفے دے گی،لیگ کرکٹ اور انٹرنیشنل کرکٹ میں بہت فرق ہوتا ہے، نوجوان کرکٹر میں دم ہے تو اسے ٹیم میں آنا چاہیے۔انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دو تین ماہ سے کیمپ لگا ہوا ہے جس کا ہر کھلاڑی کو فائدہ ہو رہا ہے، کیمپ میں لڑکوں کو اپنی غلطیاں ٹھیک کرنے کا موقع ملا ہے جبکہ کئی ایسے لڑکے تھے جو کیمپ سے پہلے مینجمنٹ کی نظروں میں نہیں تھے، اب آ گئے ہیں۔فخر زمان نے کہا کہ جب جیت نہیں پاتے تو لوگ باتیں کرتے ہیں، جب جیت جائیں تو چھوٹی موٹی غلطیوں پر پردہ پڑ جاتا ہے، ہمارے پاس ابھی بھی فاسٹ بائولنگ ڈیپارٹمنٹ میں ٹیلنٹ موجود ہے، ایک چیز بتا سکتا ہوں کہ آئندہ قوم کو اچھی کرکٹ کھیلتے دکھائی دیں گے۔قومی کرکٹر نے کہا کہ میں مکمل صحت یاب ہو گیا ہوں، بیٹنگ کرنا بھی شروع کر دی ہے، اچھا برا کھیلنا کھلاڑی کی ذمہ داری ہوتی ہے، بورڈ یا مینجمنٹ اس کا قصور وار نہیں ہوتا، ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ہمیشہ اچھا پرفارم کرے۔انہوں نے کہا کہ بہت سے کرکٹرز پی ایس ایل کے ایک دو میچز کھیل کر پاکستان کرکٹ ٹیم میں آ جاتے ہیں، میرے خیال سے کسی کرکٹر کو اتنی جلدی کرکٹ میں نہیں لانا چاہیے، لیگ کرکٹ اور انٹرنیشنل کرکٹ میں بہت فرق ہوتا ہے، نوجوان کرکٹر میں دم ہے تو اسے ٹیم میں آنا چاہیے۔فخر زمان نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کے ساتھ سینئرز کو بھی ٹیم میں رہنا چاہیے، صرف نوجوان کرکٹرز پر انحصار کرنا ٹھیک نہیں ہو گا، ہمارے لیے سب سے بڑی موٹیویشن یہ ہے کہ ہم پاکستان کے لیے کھیل رہے ہیں، انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ کے فرق کو ختم کرنے کے لیے کیمپس بہت ضروری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں