کراچی (شوبز نیوز) پاکستانی شوبز کے معروف اداکار اور میزبان فیصل قریشی نے کہا ہے کہ پاکستانی ڈرامے اب عالمی سطح پر نیٹ فلکس کی سیریز کا مقابلہ کر رہے ہیں اور دنیا بھر میں انہیں بڑی تعداد میں ناظرین مل رہے ہیں۔فیصل قریشی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی عالمی مقبولیت اور رسائی پر گفتگو کی۔اداکار کا کہنا ہے کہ آج کے دور میں پاکستانی ڈراموں کا مقابلہ براہِ راست نیٹ فلکس کی سیریز سے ہو رہا ہے، پاکستانی ڈرامہ جو ناظرین کے لیے مفت نشر کیا جاتا ہے، اس کا موازنہ نیٹ فلکس کی مہنگی پروڈکشنز سے کیا جا رہا ہے۔فیصل قریشی نے کہا کہ ایک کامیاب پاکستانی ڈرامہ زیادہ سے زیادہ تقریبا 20 کروڑ روپے کی لاگت میں تیار ہوتا ہے، جبکہ نیٹ فلکس پر بھارتی سیریز 40 کروڑ روپے کے بجٹ سے بنائی جاتی ہیں، لیکن اس کے باوجود پاکستانی ڈراموں کو ملنے والے یوٹیوب ویوز غیر معمولی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے کی ایک قسط کے یوٹیوب ویوز بعض اوقات نیٹ فلکس کی پوری ہٹ سیریز کے مجموعی ویوز سے بھی زیادہ ہو جاتے ہیں




