”ستھرا پنجاب ”پروگرام کے مقررہ اہداف ہر صورت مکمل کئے جائیں،ڈپٹی کمشنر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت ”ستھرا پنجاب” پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہو ا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈکوارٹر)سارہ زینب، منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی عابد حسین بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ذوالفقار علی، اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیل منیجرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے انتظاما ت، ستھرا پنجاب پروگرام کے اہداف، تحصیل سطح پر جاری سرگرمیوں، مشینری کے استعمال، ماڈل یونین کونسلز کے قیام اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی صفائی کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ”ستھرا پنجاب” پروگرام کے مقررہ اہداف ہر صورت مکمل کئے جائیں اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو معیاری، بروقت اور بہترین صفائی کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ تحصیلوں میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے تمام افسران پوری محنت، لگن، ذمہ داری اور ٹیم ورک کے ساتھ فرائض انجام دیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہر تحصیل میں ماڈل یونین کونسلز کے قیام کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز کو فوری طور پر ماڈل یونین کونسلز نوٹیفائی کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے صفائی کے لئے استعمال ہونے والی مشینری کی موثر برینڈنگ یقینی بنانے اور شہری شکایات کے ازالے کے لئے ہیلپ لائن 1139 کو نمایاں طور پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام آسانی سے صفائی سے متعلق شکایات درج کرا سکیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ روزانہ صفائی کے ساتھ ساتھ ہفتہ میں ایک روز خصوصی صفائی مہم کے تحت کمرشل مارکیٹس، بازاروں، پارکس، گرین بیلٹس، قبرستانوں، مساجد، گرجا گھروں، اہم شاہراں اور دیگر عوامی مقامات کی جامع صفائی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں