سرگودھا(بیورو چیف) محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام ضلع سرگودھا میں حفظ و قرات کے ضلعی مقابلہ جات10 اگست 2026 ء بروز پیر صبح 9 بجے منعقد ہوں گے۔ مقابلہ جات میں سکولوں، کالجوں، مدارس اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات حصہ لے سکیں گے۔ ہر کیٹگری میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار صوبائی سطح کے مقابلہ جات میں شرکت کے اہل ہوں گے۔ زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف کاشف عمران علوی کے مطابق مقابلہ جات 10 مختلف کیٹیگریز میں منعقد کیے جائیں گے۔ حفظ قرآن کے مقابلوں میں مردوں کے لیے مکمل حفظ قرآن (عمر 10 تا 35 سال)، پارہ نمبر 1 تا 20 (عمر 10 تا 25 سال)، پارہ نمبر 1 تا 10 (عمر 10 تا 20 سال) اور پارہ نمبر 1 تا 5 (عمر 8 تا 15 سال) کی کیٹیگریز شامل ہیں۔ خواتین کے لیے مکمل حفظ قرآن (عمر 10 تا 35 سال) اور پارہ نمبر 1 تا 20 (عمر 10 تا 25 سال) کی کیٹیگریز رکھی گئی ہیں۔ قر?ت کے مقابلوں میں قاری (مرد) عمر 16 تا 35 سال، قاری (بچے) عمر 8 تا 15 سال، قاریہ (خواتین) عمر 16 تا 35 سال اور قاریہ (بچیاں) عمر 8 تا 15 سال کی کیٹیگریز شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ امیدوار دو عدد حالیہ پاسپورٹ سائز تصاویر، عمر کا سرٹیفکیٹ اور دیگر مطلوبہ دستاویزات قاری سیف اللہ خطیب، جامع مسجد بلاک نمبر 1، سرگودھا میں جمع کروائیں۔ زونل ایڈمنسٹریٹر نے مزید بتایا کہ مردوں کے مقابلہ جات مرکزی جامع مسجد اشرفیہ، گول چوک، سرگودھا میں جبکہ خواتین کے مقابلہ جات بھی مرکزی جامع مسجد اشرفیہ، گول چوک، سرگودھا میں منعقد ہوں گے۔ کاشف عمران علوی نے ضلع بھر کے طلبہ، طالبات، حفاظ کرام اور قرائ و قاریات سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ شرائط کے مطابق بروقت رجسٹریشن کروا کر ان مقابلہ جات میں بھرپور شرکت کریں اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔




