اسلام آباد (بیورو چیف)وزیر مملکت برائے داخلہ و پونچھ ڈویژن کے انتخابی کوآرڈنیٹر طلال چوہدری کی زیر صدارت منگل کو آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے تیسرے مرحلے کی تیاریوں بارے جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں ضلعی کوآرڈنیٹرز، حلقہ کوآرڈنیٹرز اور پونچھ ڈویژن سے مسلم لیگ (ن)کے نامزد امیدواروں نے شرکت کی۔اجلاس میں پونچھ ڈویژن میں مسلم لیگ (ن)کی انتخابی مہم، تنظیمی امور اور پولنگ ڈے کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے دو مراحل میں مسلم لیگ (ن)کی شاندار کامیابی وفاقی اور پنجاب حکومت کی کارکردگی پر کشمیری عوام کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے کھوکھلے نعروں کے بجائے کام اور کارکردگی کو ووٹ دیا ہے اور آج پاکستان کا ہر علاقہ پنجاب جیسی ترقی چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری دل بڑا کریں، لیڈر شکست پر روتے اچھے نہیں لگتے۔




