فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر فیصل آبا د نعمان صدیق نے کہا ہے کہ ضلعی حکومت اور فیصل آبا د پریس کلب کا باہمی تعلق شہر کی تعمیر و ترقی، عوامی مسائل کے حل اور بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ میڈیا کی مثبت رہنمائی اور تعمیری تنقید سے اداروں کی کارکردگی میں بہتری آتی ہے اور عوام کے مسائل موثر انداز میں اجاگر ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسی خبر کو دبانے کے بجائے اس پر فوری توجہ دی جانی چاہیے، کیونکہ اگر مسائل کو نظر انداز کیا جائے تو وہ شدت اختیار کر لیتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد پریس کلب کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں صدر سردار محمد بلال ڈوگر، سیکرٹری شوکت علی وٹو، سینئر نائب صدر میاں کاشف فرید، فنانس سیکرٹری رانا محسن فاروق اور دیگر عہدیداران و ممبران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر صدر فیصل آباد پریس کلب سردار محمد بلال ڈوگر نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پریس کلب اور ضلعی حکومت شہر کی تعمیر و ترقی میں ایک دوسرے کے اہم شراکت دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گروپ لیڈر و سابق صدر فیصل آباد پریس کلب شاہد علی نے پریس کلب کی تعمیر و ترقی، ادارے کے استحکام اور صحافی برادری کی خدمت میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پریس کلب میں ہر سال باقاعدگی سے جمہوری انداز میں انتخابات منعقد کرائے جاتے ہیں اور ہماری پالیسی “تعمیر برائے اصلاح” ہے، ”تعمیر برائے تنقید” نہیں۔ سیکرٹری فیصل آباد پریس کلب شوکت علی وٹو نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ دار صحافت اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان موثر رابطہ عوامی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پریس کلب ہمیشہ مثبت اور تعمیری صحافت پر یقین رکھتا ہے اور ضلعی حکومت کے ساتھ مل کر شہر کی ترقی، صحافیوں کی فلاح اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے حکومت اور پریس کلب کے اشتراک سے صحافیوں کے لیے تربیتی پروگراموں کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔صدر پریس کلب سردار محمد بلال ڈوگر نے ڈپٹی کمشنر کی توجہ جھمرہ پریس کلب کو اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے سیل کیے جانے کے معاملے کی طرف بھی مبذول کرائی، جس پر ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق نے کہا کہ یہ معاملہ ان کے علم میں نہیں تھا، تاہم وہ اس کا جائزہ لے کر اس کے حل کے لیے فوری اقدامات کریں گے۔ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق نے کہا کہ ان کی تعیناتی کو ایک ماہ مکمل ہو چکا ہے اور اس دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں مجوزہ پانچ پارکنگ پلازوں میں سے تین منصوبوں پر باقاعدہ کام شروع ہو چکا ہے جبکہ باقی منصوبوں پر بھی جلد پیش رفت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ واسا سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، شہر کی دیواروں کی خوبصورتی کے لیے بیوٹیفکیشن کی جائے گی، پروین شاکر کمپلیکس کو مزید موثر انداز میں استعمال میں لایا جائے گا، نئے پارکس قائم کیے جائیں گے اور ان میں کرکٹ کورٹس بھی تعمیر کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی حکومت اور فیصل آباد پریس کلب کے اشتراک سے صحافیوں کے لیے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔ صحافی کالونی کے معاملے پر ایف ڈی اے سے بات کی جائے گی جبکہ فیسکو کی طرز پر صحافیوں کے لیے پلاٹس کی فراہمی کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا-ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میڈیا کی رہنمائی شہر کے مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ بھرپور تنقید کریں، تاہم اس کا مقصد اصلاح اور بہتری ہونا چاہیے تاکہ شہر کی ترقی کا سفر مزید تیز ہو سکے۔اس موقع پر نائب صدور زاہد محمود ڈوگر، محمد کاشف، سابق صدر پریس کلب مقبول احمد لودھی،عبدالرحمن گجر، گروپ لیڈر ایڈیٹر کونسل زاہد حسین مان، سینئر صحافی میاں سعید، سابق سیکرٹری سید عزادار حسین عابدی، حنان بخاری، انفارمیشن سیکرٹری افشاں بتول، ایگزیکٹو ممبران منیبہ فاطمہ، رانا حنا جمیل، ارشد انصاری، سید ذاکر حسین، رانا زاہد اقبال، ملک شوکت، تبسم علی حسن، میاں ندیم سمیت صحافی برادری کی بڑی تعداد موجود تھی۔




