فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) معروف فلمی آرٹسٹ شمیم آراء کی دسویں برسی گزشتہ روز فیصل آباد میں منائی گئی۔ ایم یوسف عزیز کی جانب سے اداکارہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اعوان چوک گلستان کالونی میں ایک تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں مختلف طبقہ فکر کے افراد نے شرکت کی اور اداکارہ کی فلمی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا گیا۔ ایم یوسف عزیز نے مزید کہا کہ ایسی فنکارہ مدتوں بعد ہی پیدا ہوتی ہیں، پاکستان کی فلمی انڈسٹری میں ان کا کوئی ثانی نہیں۔ انہوں نے صدر اور وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ شمیم آراء کی دسویں برسی کے موقع پر 10 روپے کا یادگاری سکہ اور ڈاک ٹکٹ جاری کیا جائے تاکہ ان کی فنی صلاحیتوں کا اظہار بھی ہو سکے۔ آخر انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد بھی دی۔




