کراچی (شوبز نیوز) اداکارہ کنزا ہاشمی نے اپنے ڈراما لیڈر میں سیاستدان کا کردار ادا کرنے کے بعد قومی اسمبلی کا دورہ کیا ہے، جہاں ارکان پارلیمنٹ نے ان کے کام کو سراہا۔کنزا ہاشمی نے ڈراما لیڈر میں ایک بااثر سیاسی خاندان سے تعلق رکھنے والی ذہین اور مضبوط کردار کی حامل خاتون سیاست دان کا کردار ادا کیا ہے، جسے ناظرین کے ساتھ ساتھ بعض حقیقی سیاست دانوں نے بھی پسند کیا۔رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم کی دعوت پر کنزا ہاشمی نے قومی اسمبلی کا دورہ کیا، جہاں انہیں اسمبلی کی عمارت، مختلف فن پاروں، نمونوں اور تاریخی اشیا کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔اداکارہ نے قومی اسمبلی کے ایوان کا بھی دورہ کیا اور عملے سے ملاقات کی۔ بعد ازاں رومینہ خورشید عالم نے انہیں یادگاری تحفہ پیش کیا اور خواتین ارکان پارلیمنٹ کی زندگی اور کردار کو اسکرین پر پیش کرنے پر ان کے کام کو سراہا۔رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ انہیں کنزا ہاشمی پر فخر ہے کہ انہوں نے میڈیا کے ذریعے خواتین سیاست دانوں کی جدوجہد اور کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اداکارہ کی کاوش کو قابلِ تعریف قرار دیا۔کنزا ہاشمی نے اپنے دورے کے حوالے سے کہا کہ پارلیمنٹ کا دورہ کرنے سے انہیں ڈراما لیڈر میں ادا کیے گئے کردار کو مزید بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد ملی۔انہوں نے کہا کہ سیاست بظاہر صرف اختیار یا مراعات کا نام نظر آتی ہے، لیکن حقیقت میں یہ ذمہ داری، فرض اور مسلسل عزم کا تقاضا کرتی ہے۔




