سکولوں کی مرمت،صفائی اور دیگرانتظامات مکمل کرنیکا حکم

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے موسمِ گرما کی تعطیلات کے بعد صوبہ بھر کے سرکاری و نجی سکولز 24اگست 2026کو دوبارہ کھولنے سے قبل تمام ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے سکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ سکول کھولنے سے قبل صفائی، مرمت، سکیورٹی اور دیگر بنیادی سہولیات کا جائزہ لے کر تمام انتظامات مکمل کیے جائیں۔ کلاس رومز، دفاتر، واش رومز، گرائونڈز اور سکول کی دیگر جگہوں کی مکمل صفائی یقینی بنانے کے ساتھ پانی کی ٹینکیوں کی صفائی، جراثیم کشی اور انہیں فعال حالت میں رکھنے کی ہدایت کر دی ۔ سکولوں میں ڈینگی کی ممکنہ افزائش کے مقامات کا خاتمہ، چھتوں، گرائونڈز اور نکاسی آب کے راستوں کی صفائی بھی یقینی بنائی جائے۔ اس کے علاوہ پنکھوں، لائٹس، سوئچز، ساکٹس اور بجلی کی وائرنگ کی مکمل جانچ کر کے کسی بھی خرابی کو دور کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سکول سربراہان کو صاف پینے کے پانی اور قابلِ استعمال واش رومز کی دستیابی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سکیورٹی انتظامات اور متعلقہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سکولوں میں نصب CCTV کیمروں اور دیگر سکیورٹی آلات کی بھی جانچ کی جائے گی۔نئے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل Lesson Plans اور Scheme of Studies کی تکمیل کو بھی ضروری قرار دیا گیا ہے تاکہ تدریسی سرگرمیوں کا آغاز موثر اور منظم انداز میں کیا جا سکے۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق سکول کھولنے سے قبل ہیڈز آف انسٹی ٹیوشنز آخری معائنہ کریں گے، جبکہ MEAs اور AEOs سکولوں کے فزیکل معائنے کا عمل مکمل کریں گے۔ CEOs اپنے ماتحت افسران کے ذریعے سو فیصد سکولوں کا معائنہ یقینی بنائیں گے۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام متعلقہ افسران اور سکول سربراہان کو ہدایات پر عملدرآمد اولین ترجیحات کے طور پر یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ پنجاب بھر کے سکول موسمِ گرما کی تعطیلات کے بعد 24 اگست 2026 کو دوبارہ کھولے جانے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں