فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈگلس پورہ میں آڑو کو رنگ دیکر فروخت کرنیوالے گودام کو پکڑ لیا اور بھاری مقدار میں رنگ کئے جانیوالے آڑو’ محلول اور دیگر سامان قبضہ میں لیکر گودام کو سیل کر دیا۔ فوڈ سیفٹی آفیسر احسن محمود کو اطلاع ملی تھی کہ ڈگلس پورہ میں پھلوں کو رنگ’ چمکائی لگا کر شہر بھر میں فروخت کیے جاتے ہیں۔ جس پر انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ڈگلس پورہ گلی نمبر14 میں محمد احمد کے گودام پر چھاپہ مارا تو وہاں پر بڑے بڑے ٹینک بنا کر غیر قانونی طور پر سرخ رنگ کا محلول تیار کر کے کچے آڑو کو رنگ دیا جا رہا تھا۔ جہاں سے بھاری مقدار میں رنگ شدہ آڑو اور 80کلو سرخ محلول اور دیگر مشینری کو قبضہ میں لیکر گودام کے مالک محمد احمد سکنہ منصورآباد کو حوالہ پولیس کر دیا۔ مذکورہ سٹوریج مالک کچے پھلوں کی رنگائی اور چمکائی کر کے شہر بھر میں فروخت کرتا تھا۔




