فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مسعودآباد میں گیس لیکج کے باعث 3 افراد کی ہلاکت کے بعد سمن آباد پولیس نے جنرل منیجر سوئی گیس’ افسران’ ٹھیکیدار سمیت 7نامزد اور 6نامعلوم ملازمین کیخلاف زیردفعہ 322 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیل کے مطابق مسعود آباد گلی نمبر7 کے رہائشی محمد زین نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ 5اگست کو دوپہر کو اپنے والد کے سالانہ ختم کی تیاریوں میں مصروف تھا گھر میں مہمان بھی آئے ہوئے تھے، کچھ مہمان عمران’ عدنان سکنہ ساہیوال’ بھائی خرم شہزاد’ ہمشیرہ اریج’ زوجہ سمرا بی بی اور 2 سالہ بیٹا عبدالہادی بیٹھک میں تھے اور دیگر مہمان بھی گھر میں موجود تھے کہ گھر کے دروازے کیساتھ زیرزمین سوئی گیس کی پائپ لائن جو کہ محکمہ سوئی گیس کے جنرل منیجر’ ڈپٹی چیف ڈویلپمنٹ میاں ندیم’ سینئر انجینئر ظہیر’ سب انجینئر گل فراز’ ملازم ملک شہباز عرف بلا’ ٹھیکیداران شاہد اور تیمور وغیرہ نے 10 یوم قبل ڈلوائی تھی جو کہ انتہائی پریشر کے باعث گیس لیک ہونا شروع ہو گئی اور گھر اور کمروں تک تیزی سے پھیلی تو اہل خانہ اور مہمان گیس کی بو سے باہر نکلنے لگے تو گیس کی وجہ سے زور دار دھماکہ کیساتھ آگ بھڑک اُٹھی اور بیٹھک میں موجود چھ افراد آگ کے شعلوں کی زد میں آ کر بری طرح جھلس گئے، صحن میں کھیلتی بھتیجی نابالغہ رانیہ بھی بری طرح جھلس گئی، دھماکہ کی آواز سن کر اہل محلہ بھی جمع ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے بری طرح جھلس جانے والے خرم شہزاد ولد جمیل’ عمران’ عدنان پسران بوٹا’ اریج دختر جمیل’ سمرا زوجہ زین’ عبدالہادی’ رانیہ دختر خرم شہزاد کو تشویشناک حالت میں پہلے جنرل ہسپتال سمن آباد پھر انہوں نے تشویشناک حالت کے پیش نظر الائیڈ ہسپتا ل برن یونٹ پہنچایا، چند روز قبل بعدازاں عدنان اور سمرا بی بی اور گزشتہ روز خرم عرف چاند قصائی بھی زندگی کی بازی ہار گیا۔ یاد رہے کہ وقوعہ سے دو روز قبل شاہد ٹھیکیدار’ ملک شہباز ملازم سوئی گیس’ سینئر انجینئر ظہیر’ سب انجینئر گل فراز میاں’ ڈپٹی چیف ڈویلپمنٹ محمد ندیم کو نئی گیس پائپ کی چیکنگ کیلئے آئے تھے ان کو گیس لیکج کی شکایات کی تھی تو انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ ابھی گیس سپلائی شروع نہ ہوئی ہے۔ سپلائی سے پہلے لیکج ٹھیک کردینگے جو کہ بعدازاں موقع پر نہ آئے اور 5 اگست کو دھماکہ کیساتھ گیس لیکج کے باعث آگ لگی، سوئی گیس کے افسران نے مبینہ طور پر گھٹیا اور غیر معیاری میٹریل استعمال کیا اور ان کی نشاندہی کے باوجود لیکج کو دور نہ کیا۔ گزشتہ روز خرم عرف چاند قصائی کے جاں بحق ہونے پر لواحقین نے الائیڈ ہسپتال کے باہر احتجاج کیا تو سمن آباد پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے محکمہ سوئی گیس کے جی ایم’ افسران’ ٹھیکیدار سمیت 7 نامزد اور 6نامعلوم ملازمین کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔




