پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ ٹیم پر کرفیو نہیں ہو گا’ جوروٹ

لندن (سپورٹس نیوز) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان جو روٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف آئندہ ہوم ٹیسٹ سیریز کے دوران کھلاڑیوں پر رات کے وقت باہر جانے کی کوئی پابندی یا کرفیو نافذ نہیں ہوگا کیونکہ ٹیم انتظامیہ کھلاڑیوں کو ذمہ دار بالغ افراد سمجھتی ہے۔انگلینڈ کے آل ٹائم ٹیسٹ رنز بنانے والے بیٹر جو روٹ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ایک سال کے دوران انگلینڈ ٹیم کے ڈریسنگ روم کلچر اور کھلاڑیوں کے رویے پر سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔35 سالہ جو روٹ نے سابق کپتان بین اسٹوکس کی جانب سے جون میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ قیادت سنبھالی ہے۔ بین اسٹوکس کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران لندن میں رات گئے باہر جانے اور ٹیم کرفیو کی خلاف ورزی پر ایک ٹیسٹ میچ کی معطلی کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ فاسٹ بولر گس اٹکنسن بھی اسی معاملے میں کارروائی کی زد میں آئے تھے۔سابق ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم بھی انگلینڈ کی نیوزی لینڈ کے خلاف 2-1 سے سیریز شکست کے بعد اپنے عہدے سے الگ ہوگئے، جس کے بعد ان کی جگہ سابق انگلش کرکٹر اسٹیفن فلیمنگ نے سنبھال لی۔جو روٹ نے اسکائی اسپورٹس کرکٹ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا، کوئی کرفیو نہیں ہوگا۔ میرے خیال میں اس معاملے کو اتنا بڑا بنانے کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑیوں سے میدان میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی توقع کی جاتی ہے تو انہیں میدان سے باہر بھی اچھے فیصلے کرنے کے لیے بالغ افراد کی طرح اعتماد دیا جانا چاہیے۔ اسٹیفن فلیمنگ کے ساتھ مل کر خود اپنی نگرانی بھی کرنی ہوگی۔انگلینڈ ٹیم کے رویے اور نظم و ضبط پر گزشتہ سال آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز میں 4-1 کی شکست کے بعد مزید بحث شروع ہوئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں