لاہور (سپورٹس نیوز) چین کی گوانگ ڈونگ ریجنل مینز ہاکی ٹیم 12 سے 30 اکتوبر 2026 تک پاکستان کا دورہ کرے گی،چینی ٹیم اس دوران ملک کے مختلف ہاکی مراکز میں پاکستانی محکمانہ، ادارہ جاتی اور کلب ٹیموں کے خلاف متعدد میچز کھیلے گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق چینی ٹیم کا دورہ پاکستان وچین کے درمیان ہاکی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی مسابقت فراہم کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے تبادلوں کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔شیڈول کے مطابق 14 اکتوبر کو MPCL اور گوانگ ڈونگ کے درمیان میچ MPCL ہاکی اسٹیڈیم راولپنڈی میں ہوگا،15 اکتوبر کو پاک ڈی ایس اور گوانگ ڈونگ کی ٹیمیں نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں مدمقابل ہوں گی جبکہ 17 اکتوبر کو پاکستان نیوی اور گوانگ ڈونگ کے درمیان میچ بھی نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔اسی طرح18 اکتوبر کو پاک ڈی ایس اور گوانگ ڈونگ کا میچ واہ کینٹ ہاکی اسٹیڈیم،20 اکتوبر کو نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد،23 اکتوبر کو پاکستان کسٹمز اور گوانگ ڈونگ کا مقابلہ ڈی ایچ اے ہاکی اسٹیڈیم لاہور، 24 اکتوبر کو پاک ڈی ایس اور گوانگ ڈونگ کا میچ اسپورٹس کمپلیکس نارووال،26 اکتوبر کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم گوجرہ اور 27 اکتوبر کو ڈی ایچ اے ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ترجمان کے مطابق29 اکتوبر کو ایک اضافی میچ بھی مجوزہ ہے، تاہم اس کے حتمی فیصلے اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔




