اسلام آباد (بیوروچیف) سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی سی پی اے) نے ملک بھر کیلئے بجلی 2روپے52پیسے فی یونٹ مہنگی کرنیکی درخواست نیپرا میں جمع کرادی۔نیپرا اعلامیے کے مطابق سی سی پی اے نے درخواست جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی ہے، جس کے مطابق جولائی میں درآمدی ایل این جی سے فی یونٹ بجلی 47روپے 37پیسے میں بنی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایل این جی سے 77 ارب 19کروڑ روپے کی بجلی پیدا کی گئی، ایل این جی سے 10.78فیصد بجلی پیدا کی گئی جبکہ جولائی میں فرنس آئل سے 1.42فیصد بجلی بنائی گئی، فرنس آئل پر فی یونٹ لاگت 50روپے 7پیسے رہی۔ سی سی پی اے کی درخواست کے مطابق فرنس آئل سے 10ارب 77کروڑ روپے کی بجلی پیدا کی گئی، پانی سے 39.81فیصد، مقامی کوئلے سے 10.91فیصد اور درآمدی کوئلے سے 14.38فیصد بجلی بنائی گئی، نیوکلیئر ذرائع سے 10.10فیصد بجلی پیدا کی گئی، نیوکلیئر ذرائع سے فی یونٹ فیول لاگت 3روپے 2پیسے رہی۔ نیپرا میں جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ جولائی میں ڈیزل سے بھی بجلی پیدا کی گئی، ڈیزل سے 3کروڑ 10لاکھ یونٹ بجلی بنائی گئی، ڈیزل سے فی یونٹ لاگت 54روپے 47پیسے رہی۔نیپرا کے مطابق سی سی پی اے کی درخواست پر سماعت 27اگست کو ہوگی، منظوری کی صورت میں صارفین پر جی ایس ٹی سمیت 41 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔




