ہر حریف ٹیم کو ذہن میں رکھ کر تیاری کی جاتی ہے’ نشرہ سندھو

لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی اسپنرز نشرہ سندھو اور طوبیٰ حسن کا کہنا ہے کہ ویمن ایشیا کپ اور ایشین گیمز کے لیے ٹیم سے اچھی کارکردگی کی امید رکھنی چاہیے، تیاری اچھی جا رہی ہے، کارکردگی میں تسلسل لانے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ کا دبائو ہوتا ہے، ہر حریف ٹیم کو ذہن میں رکھ کر تیاری کی جاتی ہے۔پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی اسپنر نشرہ سندھو نے لاہور میں جاری ٹریننگ کیمپ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے آئندہ میچز کے لیے مخالف ٹیموں کے مطابق تیاری کی ہے اور کیمپ میں کھیل کے ہر شعبے کو بہتر بنانے پر کام کیا جا رہا ہے، یو اے ای کی کنڈیشنز میں پاکستان کی اسپنرز اہم کردار ادا کریں گی۔انہوں نے کہا کہ ٹیم اچھا کھیل پیش کرنے کے باوجود بعض مواقع پر میچ ختم کرنے میں کامیاب نہیں ہو پاتی، تاہم کوشش ہے کہ جن شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے، وہاں تسلسل برقرار رکھا جائے۔اپنی بولنگ کے حوالے سے نشرہ سندھو کا کہنا تھا کہ وہ ہر میچ میں ایک ہی پلان کے ساتھ نہیں جاتیں بلکہ حریف اور میچ کی صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے حکمت عملی تیار کرتی ہیں۔بھارت کے خلاف میچز کے بارے میں خاتون اسپنر نے کہا کہ ان مقابلوں کے لیے اچھی تیاری کی جاتی ہے کیونکہ ان میں پریشر کی صورتِ حال ہوتی ہے، بھارت کے خلاف میچ کے دن جو ٹیم پریشر کو بہتر انداز میں ہینڈل کرتی ہے وہی کامیابی حاصل کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں