فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایس ایچ او تھانہ سول لائن انسپکٹر عتیق الرحمن شاہ نے ستارہ کیمیکل انڈسٹری کی مصنوعات فروخت کر کے 2کروڑ 84لاکھ کی رقم ہڑپ کرنے والے ملزم شعیب کو گرفتار کر کے بازپرس شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق ستارہ کیمیکل انڈسٹریز لمیٹڈ کے ایڈمن منیجر خورشید زمان نے بتایا کہ کمپنی کے کسٹمر ایجنٹ شعیب ولد میاں میاں منیر ضیاء سکنہ حمزہ سٹریٹ خیابان کالونی مدینہ ٹائون تھا، ستارہ کیمیکل کی ملکی وغیر ملکی سطح پر اپنی مصنوعات فروخت کرتی ہے، ستارہ کیمیکل دیگر مصنوعات کے علاوہ سوپ نوڈلز بھی تیار کرتی ہے۔ مذکورہ ایجنٹ کمپنی کی مصنوعات سوپ نوڈلز لیتا تھا، گزشتہ برس 19اکتوبر 2024ء سمیت مختلف اوقات میں مجاہد ہسپتال مدینہ ٹائون گودام سے 6 عدد ٹرک مال ایجنٹ کے سپرد کئے، ملزم نے مذکورہ ٹرک قاسم’ عدیل خلیل’ وقاص وارث’ ارشد انٹر پرائیز بذریعہ ضمیر زیدی’ ایان کامیکس بذریعہ شیراز خان’ ذوالفقار اعوان کمپنی سے آئوٹ کروائے۔ ملزم شعیب نے 38,06,600 روپے کی رقم ادائیگی کمپنی کے اکائونٹ میں منتقل کر دیا جبکہ بقیہ رقم 2کروڑ 85لاکھ 96ہزار 522 روپے کی ادائیگی کیلئے مہلت مانگی اور بعدازاں لیت ولعل کے بعد رقم ادا کرنے سے انکاری ہو گیا۔ جس کے خلاف تھانہ سول لائن میں 409 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر دیا تھا۔ تاہم ایس ایچ او عتیق الرحمن شاہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لاتے ہوئے چھاپہ مار کر فراڈیے ملزم شعیب کو گرفتار کر کے بازپرس شروع کر دی۔




