فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے)محمد آصف چوہدری نے عید میلاد النبی حضرت محمد مصطفی ۖ کے موقع پر اہلِ اسلام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نبی کریم ۖ کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالی کی عظیم نعمت اور رحمت ہے۔آپ ۖ نے اپنی سیرتِ طیبہ کے ذریعے محبت، اخوت، برداشت، عدل، مساوات اور انسانیت کی خدمت کا عملی درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ۖ ہمیں اس بات کی یاد دہانی کراتی ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو حضور اکرم ۖ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں اور معاشرے میں امن، رواداری، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دیں۔ نبی کریم ۖ نے انسانوں کے ساتھ حسنِ سلوک، کمزوروں کی مدد، حقوق العباد کی ادائیگی اور عدل و انصاف کو خصوصی اہمیت دی، جن پر عمل پیرا ہو کر ایک مثالی معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ محمد آصف چوہدری نے کہا کہ موجودہ دور میں ہمیں سیرت النبی ۖ کے روشن اصولوں کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ۖ کے اجتماعات اور تقریبات کے دوران امن و امان، صفائی ستھرائی اور شہری نظم و ضبط کا خصوصی خیال رکھا جائے تاکہ اس بابرکت موقع کی خوشیاں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ بھرپور انداز میں منائی جا سکیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہمیں نبی کریم ۖ کی سیرتِ طیبہ پر حقیقی معنوں میں عمل کرنے، ملک و قوم کی خدمت کرنے اور معاشرے میں محبت، امن اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی توفیق عطا فرمائے، پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے۔ آمین۔




