فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ستیانہ روڈ پر ٹی اینڈ ٹی کالونی کے قریب جشن عیدمیلادالنبی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کے جلوس کے دوران ٹریکٹر ٹرالی سے گر کر دو نوجوان جاں بحق’ تیسرا بری طرح زخمی ہو گیا، ریسکیو1122 نے نعشیں پولیس کے حوالے کر کے زخمی کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 239 رب ہرلاں کا 15سالہ نذر مصطفی’ 26سالہ ذیشان’ 22سالہ عظیم وغیرہ جشن عید میلادالنبی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر گائوں سے ٹریکٹر ٹرالی پر سوار ہو کر شہر آئے، جب وہ ستیانہ روڈ ٹی اینڈ ٹی کالونی کے قریب پہنچے تو جمپ لگنے سے تینوں نوجوان ٹریکٹر ٹرالی سے نیچے گرے تو اس ٹرالی کا ٹائر ان کے اوپر سے گزر گیا، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو 26سالہ ذیشان اور 15سالہ نذر مصطفی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار چکے تھے جبکہ تیسرے عظیم کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ تاہم پولیس کی جانب سے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے گھروں میں منتقل کر دیں۔ نعشیں گھر پہنچنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا، ہر آنکھ اشکبار اور علاقہ کی فضا سوگوار ہو گئی۔




