فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد رائو عبدالکریم نے ضلع بھر کے سرکاری اسکولوں کے سربراہان کو پاکستان میتھ کانٹیسٹ(PMC) فال2026ء میں اہل طلبہ کی لازمی رجسٹریشن یقینی بنانے کی ہدایت کر دی پاکستان میتھ کانٹیسٹ فال 2026 کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز سیکنڈری، ایم ای اور ویمن ایلیمنٹری ایجوکیشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی نگرانی میں تمام سرکاری اسکولوں کے سربراہان سے اہل طلبہ کی مقررہ مدت کے اندر لازمی رجسٹریشن کروائیں مراسلے کے مطابق مقابلے کے رائونڈ ون کے ٹیسٹ 31 اکتوبر، یکم نومبر اور 2 نومبر 2026 کو منعقد ہوں گے۔ ٹیسٹ آن لائن اور AI-Proctored ہوگا، جبکہ امتحانی پرچے میں 30 کثیرالانتخابی سوالات ہوں گے جنہیں حل کرنے کے لیے 60 منٹ دیے جائیں گے۔ سوالات ریاضی اور IQ پر مبنی ہوں گے۔پاکستان میتھ کانٹیسٹ میں کامیاب طلبہ کے لیے نقد انعامات اور تعلیمی وظائف کے علاوہ TASIMO 2027 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے کوالیفائی کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔ طلبہ کو I Love Math (ILM) کے ذریعے مفت تیاری کے وسائل تک رسائی بھی حاصل ہوگی۔ طلبہ کی رجسٹریشن آن لائن پورٹل کے ذریعے کی جائے گی۔ تمام اسکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خود رجسٹریشن کے عمل کی نگرانی کریں اور اپنے دائرہ اختیار کے تمام اسکولوں سے طلبہ کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنائیں۔سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد رائو عبدالکریم نے واضح کیا ہے کہ ہدایات پر عملدرآمد میں غفلت یا ناکامی کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور اس کی ذمہ داری متعلقہ ہیڈ آف اسکول اور کنٹرولنگ اتھارٹی پر عائد ہوگی۔ رجسٹریشن مکمل ہونے کے فوری بعد تعمیلی رپورٹ بھی متعلقہ دفتر میں جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس عمل کو انتہائی ضروری قرار دیا گیا ہے۔




