فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی’ بھوآنہ بازار کے دکانداروں نے آپ کی چار سال کی محنت کا پھل ووٹ دے کر کامیابی کی صورت میں دیا ہے’ اس پر ہم بھوآنہ بازار کے دکانداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں’ ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران سٹی الائیڈ گروپ کے صدر چوہدری پرویز اقبال کموکا’ چیف آرگنائزر الحاج نصیریوسف وہرہ’ جنرل سیکرٹری میاں تنویر ریاض’ سمندری روڈ کے صدر چوہدری علی اختر’ جنرل سیکرٹری میاں محمد رفیع’ نائب صدر میاں محمد رازق منیر و دیگر تاجر رہنمائوں نے بھوآنہ بازار کے نومنتخب صدر حافظ یحییٰ طارق اور نومنتخب جنرل سیکرٹری محمد امین خان کو مبارکباد دینے کے موقع پر ان کے آفس میں کیا’ انہوں نے یقین کا اظہار کیا کہ آنے والے چار سالوں میں آپ پہلے سے زیادہ محنت کریں گے اور بھوآنہ بازار کے تاجروں کے مسائل حل کروانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے’ انہوں نے حافظ یحییٰ طارق اور محمد امین خان کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ہم سب ہر اچھے یا برے وقت میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہماری نیک تمنائیں آپ سب کے ساتھ ہیں’ اس موقع پر بھوانہ بازارکے نومنتخب صدر حافظ یحییٰ طارق اور نومنتخب جنرل سیکرٹری محمد امین خان نے انجمن تاجران سٹی الائیڈ گروپ کے عہدیداروں کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کی محبت کو ہم کبھی نہیں بھولیں گے’ انہوں نے کہا کہ بھوآنہ بازار کے دکانداروں نے جس طرح ووٹوں سے ہماری جھولیاں بھری ہیں ہم ان کا یہ احسان کبھی نہیں بھول سکتے’ ہم اپنے کام سے ثابت کریں گے کہ بھوآنہ بازار نے ہمیں منتخب کر کے غلط نہیں کیا’ ہمیں قدم قدم پر آپ جیسے مخلص دوستوں کی رہنمائی کی بھی ضرورت پڑتی رہے گی اور ہمیں یقین ہے کہ الائیڈ گروپ کا ہر عہدیدار ہماری رہنمائی کرے گا اور ہمیں صحیح راستہ دکھائے گا۔




