PRAکے اپیلٹ ٹربیونل میں تعیناتیوں کی منظوری

لاہور( بیورو چیف)لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کے اپیلٹ ٹربیونل میں اہم تعیناتیوں کی منظوری دے دی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عرفان احمد کو جوڈیشل ممبر جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لیاقت علی رانجھا کو چیئرپرسن نامزد کردیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ کے ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورس ڈسٹرکٹ جوڈیشری کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت پنجاب کے ایس اینڈ جی اے ڈی کے نوٹیفکیشن کی روشنی میں تعیناتی کی گئی ۔عرفان احمد کو پنجاب ریونیو اتھارٹی کے اپیلٹ ٹربیونل کا جوڈیشل ممبر مقرر کیا گیا ہے، ان کی بطور جوڈیشل ممبر تعیناتی 3 سال یا اس سے پہلے مدت ختم ہونے تک ہوگی،انہیں 28 اگست 2026 یا اس سے قبل نئی ذمہ داری کا چارج سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لیاقت علی رانجھا کو پنجاب ریونیو اتھارٹی کا اپیلٹ ٹربیونل چیئرپرسن نامزد کیا ہے، لیاقت علی رانجھا کی نامزدگی پنجاب ریونیو اتھارٹی ایکٹ 2012 کے سیکشن 18(4) کے تحت کی گئی ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے اپیلٹ ٹربیونل میں زیر سماعت مقدمات کی منتقلی سے متعلق بھی ہدایات جاری کی ہیں۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں زیر سماعت تمام مقدمات متعلقہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج تقسیم کرے گا۔جزوی طور پر سماعت شدہ مقدمات بھی متعلقہ ڈسٹرکٹ اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز میں یکساں طور پر تقسیم کیے جائیں گے۔ ہائیکورٹ نے ہدایت کی ہے کہ مقدمات کی تقسیم متبادل انتظام کے بغیر متعلقہ ججز میں کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں