کچہری بازار وکیلاں والی گلی میں گودام میں آتشزدگی،بھاری مالیت کا کپڑا جل کر راکھ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کچہری بازار وکیلاں والی گلی اﷲ والا سنٹر پلازہ میں شارٹ سرکٹ کے باعث کپڑے کے گودام میں آتشزدگی’ بھاری مالیت کا کپڑا وسامان جل کر راکھ بن گیا، ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کچہری بازار کی بیوٹیفکیشن کرتے ہوئے وہاں پر بجلی کا نظام انڈرگرائونڈ کر دیا تاہم اس سے ملحقہ گلیوں’ بازاروں میں بجلی کی بے ہنگم تاروں کو درست نہیں کیا گیا جسکی وجہ سے آئے روز بجلی کی تاروں میں سپارکنگ اور شارٹ سرکٹ کے باعث شہر کے بازاروں میں آگ لگنے کے واقعات ہو رہے ہیں۔ چند روز قبل بھی وکیلاں والی گلی نمبر4 میں پلازہ میں آگ لگنے سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل گیا تھا اور گزشتہ روز وکیلاں والی گلی اﷲ والا سنٹر پلازہ کی پہلی منزل پر کپڑے کے گودام میں آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے پلازہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کھڑکی کی طرف سے بجلی کی تاروں میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی اور مذکورہ گلی میں پہلے بھی کئی بار آگ لگنے کے واقعات رونما ہو چکے ہیں لیکن فیسکو نے بجلی کی تاروں کو درست نہیں کیا۔ بے ہنگم’ لٹکتی تاروں میں آئے روز سپارکنگ بھی ہوتی رہتی ہے۔ شکایات کے باوجود ان پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔ تاجر برادری نے کمشنر فیصل آباد عمران حامد شیخ’ ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ آتشزدگی کے مقامات کا وزٹ کر کے متاثرہ تاجروں کی مالی امداد کی جائے اور شہر میں لٹکتی بے ہنگم بجلی کی تاروں کو درست کروایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں