پاک گول بازار کے تاجروں کی بھوآنہ بازار کے نومنتخب صدر حافظ یحییٰ کو مبارکباد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) انجمن تاجران پاک گول بازار کے صدر شیخ محمد ناصر’ جنرل سیکرٹر ی میاں ابوبکر صدیق پومی اور دیگر عہدیداروں اور دکانداروں کی طرف سے بھوآنہ بازار کے الیکشن میں شاندار فتح سمیٹنے پر نومنتخب صدر حافظ یحییٰ طارق اور جنرل سیکرٹری محمد امین خان کو مبارکباد دینے کیلئے پاک گول بازار میں تقریب سجائی گئی’ تقریب میں پاک گول بازار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سمیت شہر بھر کی تاجر تنظیموں کے منتخب نمائندوں نے شرکت کی’ نومنتخب صدر حافظ یحییٰ طارق اور ان کی ٹیم کا پاک گول بازار پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا’ گل پاشی کی گئی’ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے اور زبردست آتش بازی کی گئی’ پاک گول بازار پہنچنے پر سینئر تاجر رہنمائوں شیخ حاجی محمد امین’ جنرل سیکرٹری پاک گول بازار میاں ابوبکرپومی’ شیخ حامد’ شیخ عاطف’ شیخ یاسر’ شیخ بلال’ میاں عبدالرحمان’ رانا فقیر حسین’ حافظ ابوبکرشاہد’ رانا مبشر ٹھاکر و دیگر دکانداروں نے نومنتخب صدر بھوآنہ بازار حافظ یحییٰ طارق کو پھولوں کے ہار پہنائے اور گرمجوشی سے ان کا استقبال کیا’ اس موقع پر سینئر تاجر رہنمائوں شیخ حاجی محمد امین’ جنرل سیکرٹری پاک گول بازار میاں ابوبکر صدیق پومی نے حافظ یحییٰ طارق اور ان کے گروپ کو ان کی تاریخی فتح پر مبارکباد دی اور امید کا اظہار کیا کہ بھوآنہ بازار کے دکانداروں نے آپ سے جو پیار کیا ہے اور ان کی عملی خدمت کر کے انہیں دو سے ضرب دے کر انہیں واپس کریں گے’ انہوں نے کہا کہ اب کمر کس لیں اور بھوآنہ بازار کے مسائل کو حل کرنے میں لگ جائیں اور ووٹروں کی امیدوں پر پورا اتریں’ اس موقع پر نومنتخب صدر بھوآنہ بازار حافظ یحییٰ طارق نے پاک گول بازار کے دکانداروں اور انجمن تاجران پاک گول بازار کے عہدیداروں کا اس قدر شاندار استقبال کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بھوآنہ بازار کے دکانداروں نے مجھے کامیاب کروا کر مجھے اپنا مقروض کر لیا ہے’ انشاء اللہ میری پوری کوشش ہو گی کہ آئندہ چار سالوں میں پوری محنت اور لگن سے کام کروں اور اپنے بزرگوں کو ساتھ لے کر چلوں’ انہوںنے کہا کہ اب الیکشن ختم ہو گیا’ ہم کامیاب بھی ہو گئے اب میں پورے بھوآنہ بازار کا صدر ہوں’ جنہوں نے مجھے ووٹ نہیں دیئے میں سب سے پہلے ان کے مسائل حل کرائوں گا تاکہ آئندہ وہ بھی مجھے ہی ووٹ دیں’ انہوں نے بھوآنہ بازار کے دکانداروں کو پیغام دیا کہ آپ نے اپنا کام کر دیا اب میرا کام شروع ہو گیا ہے’ انشاء اللہ میں آپ کی امیدوں پر پورا اتروں گا اور آپ کی امنگوں کے مطابق مسائل حل کرائوں گا’اللہ میرا حامی و ناصر ہو’ آمین۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں