اسلام آباد (بیوروچیف) اوپن مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمتیں سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ ہونے کا سلسلہ برقرار ہے، جہاں صارفین کو مقررہ قیمت سے تقریبا دوگنا نرخ پر گیس خریدنا پڑ رہی ہے۔حکومت نے ایل پی جی کی قیمت 241 روپے فی کلو مقرر کر رکھی ہے، تاہم پرچون مارکیٹ میں یہی گیس 400 سے 430 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف وہ سوئی گیس کے بل ادا کر رہے ہیں جبکہ دوسری جانب گیس کی ضرورت پوری کرنے کے لیے مہنگے داموں ایل پی جی خریدنے پر بھی مجبور ہیں۔ شہریوں کے مطابق بڑھتی ہوئی مہنگائی میں سفید پوش طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے لیکن ان کے مسائل سننے والا کوئی نہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی اوپن مارکیٹ میں قیمتوں کو فوری طور پر سرکاری نرخ کے مطابق لایا جائے اور مقررہ قیمت پر فروخت یقینی بنانے کے لیے مثر کارروائی کی جائے۔




