فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے علم و ادب کے میدان میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی کے لیے منتخب ہونے والے سیکرٹری بورڈ آف ریونیو پنجاب مہر شفقت اللہ مشتاق سے ملاقات کی اور انہیں اس اعلی قومی اعزاز کے لیے انتخاب پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے تہنیتی گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، پولیس آفیسر رانا زاہد، ڈین فیکلٹی آف ہسٹری گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد مہر عبدالقادر مشتاق، ڈائریکٹر آئی ٹی ایف ڈی اے یاسر اعجاز چٹھہ اور سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے مہر شفقت اللہ مشتاق کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ علم و ادب کے شعبے میں ان کی طویل عرصے پر محیط گراں قدر خدمات، موثر و پرتاثیر شاعری، علمی و ادبی کاوشوں، تحقیقی خدمات اور مطالعہ و تحقیق کے فروغ کے لیے ان کی مسلسل جدوجہد قابلِ تحسین ہے۔ ان خدمات کا قومی سطح پر اعتراف کرتے ہوئے انہیں صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی کے لیے منتخب کیا جانا نہ صرف ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے بلکہ فیصل آباد کے علمی و ادبی حلقوں سمیت پورے ملک کے اہلِ علم و قلم کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ مہر شفقت اللہ مشتاق ایک صاحبِ مطالعہ، صاحبِ فکر اور صاحبِ قلم شخصیت ہیں، جنہوں نے سرکاری زمین داریوں میں اعلی انتظامی صلاحیتوں، دیانت داری، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ علم و ادب سے اپنی دیرینہ وابستگی کو بھی بھرپور انداز میں برقرار رکھا۔ ان کی شخصیت میں انتظامی بصیرت اور علمی و ادبی ذوق کا حسین امتزاج نمایاں ہے۔ محمد آصف چوہدری نے کہا کہ اہلِ علم و ادب کسی بھی معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں جو اپنی فکری، علمی، ادبی اور تحقیقی کاوشوں کے ذریعے معاشرے کی فکری تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایسے افراد نئی نسل کو اپنی تاریخ، تہذیب، ثقافت، اقدار اور ادبی ورثے سے روشناس کرانے کے ساتھ ساتھ انہیں مطالعہ، تحقیق اور مثبت سوچ کی جانب راغب کرتے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے مہر شفقت اللہ مشتاق کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بھی اپنی علمی، ادبی اور تحقیقی سرگرمیوں کو اسی جذبے، لگن اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھتے ہوئے معاشرے میں علم و آگہی، مطالعے، تحقیق اور مثبت فکری رجحانات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ مہر شفقت اللہ مشتاق نے تہنیتی کلمات اور نیک خواہشات پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی ان کے لیے یقینا ایک بڑے اعزاز اور فخر کا باعث ہے، تاہم وہ اسے اپنی ذات سے بڑھ کر علم و ادب اور ان تمام اہلِ علم و قلم کی خدمات کا اعتراف سمجھتے ہیں جنہوں نے معاشرے میں علمی و ادبی اقدار کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے خوشی کے ساتھ ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے اور وہ آئندہ بھی علم، ادب، تحقیق اور قومی خدمت کے شعبوں میں اپنی استطاعت کے مطابق مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ملاقات کے دوران علم و ادب، تاریخ و تحقیق، ادبی ورثے کے تحفظ، نوجوان نسل میں مطالعے کے فروغ، علمی و فکری سرگرمیوں کے فروغ اور معاشرے میں مثبت ادبی رجحانات کے فروغ کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شرکا نے مہر شفقت اللہ مشتاق کے صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی کے لیے انتخاب کو ان کی طویل علمی و ادبی خدمات کا بجا اور مستحق اعتراف قرار دیتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور اس قومی اعزاز پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مہر شفقت اللہ مشتاق کے لیے مزید کامیابیوں، عزت و وقار، صحت و سلامتی اور علمی و ادبی میدان میں مزید نمایاں خدمات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔




