واورے (سپورٹس نیوز) جرمنی نے سخت مقابلے کے بعد اسپین کو 0-1سے شکست دے کر ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026کا ٹائٹل چوتھی بار اپنے نام کرلیا، اس کے ساتھ ہی جرمنی نے پاکستان کا 4 مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔مشیل اسٹروتھوف نے تیسرے کوارٹر کے آخری لمحات میں فیصلہ کن گول کرکے جرمنی کو مسلسل دوسری بار عالمی چیمپیئن بنادیا۔گزشتہ روز بیلجیم کے شہر واورے میں واقع بیلفیئس ہاکی ایرینا میں کھیلے گئے فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا۔اسپین نے طویل وقفوں تک گیند پر زیادہ کنٹرول رکھا اور جرمنی کے مقابلے میں زیادہ مواقع بھی پیدا کیے، تاہم جرمن دفاع نے حریف کے تمام حملوں کو بے اثر کردیا۔میچ کے پہلے 2 کوارٹرز میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں، تاہم اسپین کی جانب سے حملوں کا دبا مسلسل برقرار رہا۔جرمنی نے دفاع کو مضبوط رکھتے ہوئے مناسب موقع کا انتظار کیا اور تیسرے کوارٹر کے آخری حصے میں اسے کامیابی مل گئی۔مشیل اسٹروتھوف نے جرمنی کی جانب سے ملنے والے واحد نمایاں موقع کو گول میں تبدیل کرکے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلادی، یہی گول میچ کا فیصلہ کن ثابت ہوا۔جرمنی نے اس کے بعد دفاعی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے اسپین کو برابر کرنے سے روکے رکھا۔ اسپین نے آخری کوارٹر میں بھرپور حملے کیے، لیکن جرمن دفاع میں دراڑ ڈالنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔میچ کے اختتامی لمحات میں اسپین نے نتیجہ برابر کرنے کے لیے مزید جارحانہ انداز اپنایا۔ ریڈ اسٹکس نے آخری 4 منٹ سے بھی کم وقت رہ جانے پر گول کیپر کو میدان سے باہر بلا کر اضافی فیلڈ کھلاڑی کے ذریعے حملہ بڑھانے کی کوشش کی، لیکن جرمنی کی دفاعی دیوار قائم رہی۔یوں جرمنی نے 0-1 کی برتری برقرار رکھتے ہوئے عالمی اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا اور مردوں کے ہاکی ورلڈ کپ میں اپنا چوتھا ٹائٹل حاصل کرلیا۔اسپین کے لیے یہ فائنل کئی دہائیوں بعد عالمی اعزاز کے قریب پہنچنے کا موقع تھا۔ ریڈ اسٹکس نے 1998 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی، تاہم فیصلہ کن معرکے میں جرمنی کے مضبوط دفاع کے سامنے ان کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔جرمنی نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ بڑے مقابلوں میں فیصلہ کن لمحات سے فائدہ اٹھانے اور دبا میں دفاع کو مضبوط رکھنے کی صلاحیت اسے عالمی ہاکی کی صف اول کی ٹیموں میں شامل رکھتی ہے۔اس سے قبل کھیلے گئے تیسری پوزیشن کے میچ میں ارجنٹینا نے نیدرلینڈز کو 1-2 سے شکست دے کر مردوں کے ایونٹ میں کانسی کا تمغہ حاصل کرلیا۔دلچسپ امر یہ ہے کہ اس سے ایک روز قبل ارجنٹینا کی خواتین ٹیم نے بھی نیدرلینڈز کو شکست دے کر عالمی اعزاز حاصل کیا تھا۔ایمسٹیلوین میں کھیلے گئے خواتین کے فائنل میں لاس لیوناس نے مقررہ وقت کے بعد 1-1 کی برابری کے باوجود شوٹ آٹ میں نیدرلینڈز کو 1-3 سے شکست دی اور خواتین کا ورلڈ کپ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔




