لاہور (بیوروچیف) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی جانب سے اے ایم آئی سنگل فیز میٹرز کی تنصیب کے معاملے پر مبینہ طور پر دوہرے معیار کا معاملہ سامنے آگیا۔ عام صارفین کو جدید سمارٹ میٹرز فراہم نہ کیے جانے کے باوجود پنجاب حکومت کے لیے جدید اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے۔لیسکو نے تقریبا 15کروڑ روپے کی لاگت سے سرکاری میٹرز تبدیل کرنیکا فیصلہ کیا ہے، جسکے تحت مجموعی طور پر 8ہزار 342 سنگل فیز اے ایم آئی سمارٹ میٹرز نصب کیے جائیں گے۔عام صارفین کو نیپرا سے بجٹ منظور نہ ہونے کا جواز پیش کرتے ہوئے اے ایم آئی سمارٹ میٹرز فراہم نہیں کیے گئے۔، تاہم پنجاب حکومت کے لیے جدید سمارٹ میٹرز کی تنصیب کی جا رہی ہے۔منصوبے کے تحت لیسکو کے مختلف سرکلز میں سمارٹ میٹرز کی تنصیب کی جائے گی۔ ناردرن سرکل میں 751، سینٹرل سرکل میں 1,392، ایسٹرن سرکل میں 714 اور اوکاڑہ سرکل میں 1,811 میٹرز تبدیل کیے جائیں گے۔اسی طرح ساتھ سرکل میں 899، شیخوپورہ سرکل میں 721، قصور سرکل میں 1,195 اور ننکانہ صاحب سرکل میں 859 سنگل فیز اے ایم آئی سمارٹ میٹرز نصب کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق جدید سمارٹ میٹرز سے بجلی کے استعمال، ریڈنگ اور دیگر امور کی مانیٹرنگ زیادہ مثر انداز میں ممکن ہوگی۔ دوسری جانب عام صارفین کو سمارٹ میٹرز کی سہولت نہ ملنے پر سوالات اٹھ رہے ہیں اور صارفین کے لیے بھی جدید میٹرز کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔




