FBRکی ٹیکس ریٹرن فائلنگ کے نظام میں اہم تبدیلی

اسلام آباد (بیوروچیف) ایف بی آر نے نئے IRIS 2.0پورٹل کے ذریعے ٹیکس ریٹرن فائلنگ کے نظام میں اہم تبدیلی کردی ہے، جس کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بھی پاکستان میں موجود غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات ریٹرن میں ظاہر کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے ۔ مالی سال 2026کی ٹیکس ریٹرن جمع کراتے وقت اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں موجود پلاٹ، مکان یا دیگر غیر منقولہ جائیداد کی ملکیت کی معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔ جائیداد سے کرایے کی آمدن حاصل ہورہی ہو یا نہ ہورہی ہو، اس کی تفصیلات ریٹرن میں ظاہر کرنا لازم ہوگا۔ ٹیکس ماہرین کے مطابق ریٹرن میں جائیداد کی معلومات ظاہر نہ کرنے کی صورت میں مستقبل میں اثاثوں اور آمدن کے درمیان مطابقت کی جانچ کے دوران مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، جبکہ ایف بی آر کی جانب سے اثاثوں اور آمدن کی جانچ مزید سخت کیے جانے کا امکان ہے۔ جائیداد ظاہر کرتے وقت ملکیت ثابت کرنے کے لیے خریداری کے کاغذات، رجسٹری اور ایف بی آر ویلیوایشن سمیت متعلقہ دستاویزات محفوظ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر جائیداد کی ملکیت اور مالیت سے متعلق ریکارڈ پیش کیا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں