غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی مزید سخت کرنیکا فیصلہ

لاہور (بیوروچیف) لاہور میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی مزید سخت کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپور یشن لاہور نے ستمبر 2026کے لیے انہدامی آپریشن کا باقاعدہ شیڈول جاری کردیا، جس کے تحت پورے ماہ مختلف زونز میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں کی جائیں گی۔شیڈول کے 30ستمبر تک مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 18 روز انہدامی کارروائیاں ہوں گی۔ شالامار، علامہ اقبال، داتا گنج بخش، نشتر، واہگہ، عزیز بھٹی، گلبرگ، راوی اور سمن آباد زونز کو آپریشن کے لیے شامل کیا گیا ہے۔مراسلے کے مطابق متعلقہ بلڈنگ انسپکٹر غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کرنے کے ساتھ ضروری دستاویزات مکمل کرے گا، جبکہ متعلقہ زیڈ او پی انہدامی کارروائیوں کی مجموعی نگرانی کریں گے۔غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت کی جائے گی۔ انہدامی کارروائی سے پہلے اور بعد میں جی پی ایس لوکیشن کے ساتھ تصاویر بنانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔پلاننگ برانچ کا بلڈنگ انسپکٹر ڈیمولیشن اسکواڈ کے ہمراہ کارروائی میں معاونت کریگا۔ تمام آپریشنز کی روزانہ رپورٹ شام 4بجے جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔ مراسلے میں متعلقہ حکام کو انہدامی کارروائیوں کے لیے مشینری، پولیس اور دیگر متعلقہ فورس کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں