فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد کے تاجروں کا 3ستمبر کو ہڑتال نہ کرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی پٹرول’ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور پٹرولیم لیوی کے خلاف 3ستمبر بروز جمعرات کو ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال کر رہی ہے اس حوالے سے جماعت اسلامی کے رہنما تاجروں اور دکانداروں سے رابطے کر رہے ہیں تاکہ ہڑتال کو کامیاب بنایا جا سکے، مگر فیصل آباد کے تاجروں اور دکانداروں نے جماعت اسلامی کی ہڑتال کی حمایت سے صاف انکار کر دیا، تاجروں اور دکانداروں کا کہنا ہے کہ 3ستمبر کو فیصل آباد میں کسی قسم کی ہڑتال نہیں کی جائیگی۔ تمام کاروباری مراکز حسب معمول کھلے رہیں گے۔ موجودہ حالات میں وطن عزیز کسی بھی احتجاج یا ہڑتال کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ضلعی انتظامیہ کو تاجروں اور ان کے کاروبار کا تحفظ یقینی بنانا چاہیے۔ قبل ازیں بھی جماعت اسلامی کی جانب سے ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا مگر سپریم انجمن تاجران فیصل آباد کے چیئرمین امین بٹ ڈٹ گئے تھے جس پر جماعت اسلامی کی فیصل آباد میں ہڑتال ناکام ہو گئی تھی۔ 3ستمبر کو بھی فیصل آباد کے تاجر اور دکاندار ہڑتال کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔




