لاہور (بیوروچیف) ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA)لاہور نے اڈا پلاٹ رائیونڈ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے کوڑا جلانے اور دھواں پھیلانے والے دو صنعتی یونٹس کو سیل کر دیا۔ EPAی فیلڈ ٹیم نے کارروائی کے دوران بلال سوئچ گیئر اور اوٹو انجینئرنگ کے خلاف ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں یونٹس کو سیل کیا۔کارروائی کے دوران صنعتی یونٹس کے قریب جلتے ہوئے کوڑے کی نشاندہی بھی ہوئی، جسے EPAٹیم نے موقع پر ہی بجھا دیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر EPAعلی اعجاز نے کہا ہے کہ شہر کی فضا کو زہریلے دھوئیں سے آلودہ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے صنعتی اور تجارتی یونٹس پر زور دیا کہ وہ اپنے فضلے کو ماحول دوست طریقے سے ٹھکانے لگائیں اور کوڑا جلانے سے گریز کریں۔علی اعجاز نے EPA کی فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی کہ شہر میں کوڑا جلانے کے واقعات پر کڑی نظر رکھی جائے اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔




