کنزہ ہاشمی’ زارا نور عباس اور اشنہ شاہ نئے روپ میں

کراچی (شوبز نیوز) پاکستانی فلم شیروز کا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں کنزہ ہاشمی، زارا نور عباس اور اشنہ شاہ 3 الگ کہانیوں میں مختلف کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔ فلم 18 ستمبر کو ملک بھر کے سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔فلم کے پوسٹر کی رونمائی گزشتہ روز کی گئی تھی جبکہ دو روز بعد ٹریلر جاری کیا گیا، جس نے فلم کی کہانی اور مرکزی کرداروں کی پہلی جھلک پیش کردی۔فلم میں تین خواتین کی تین الگ کہانیاں دکھائی گئی ہیں، جن کی اپنی اپنی دنیا اور مختلف مشکلات ہیں۔ فلم کا مرکزی خیال تین لڑکیوں کی اپنی حقوق کے لیے مختلف لڑائیوں اور ایک اہم فیصلے کے گرد گھومتا ہے۔کنزہ ہاشمی کے حصے میں وہ ایک فنونِ لطیفہ کی نمائش گاہ میں دکھائی دیتی ہیں، جہاں وہ جھوٹ اور سچ سے متعلق ایک مشہور کہاوت کا اردو ترجمہ بیان کرتی ہیں۔ ان کے کردار کی کہانی میں جعلی پینٹنگز کا معاملہ بھی دکھائی دیتا ہے۔زارا نور عباس ایک پولیس افسر کے کردار میں نظر آئیں گی۔ ٹریلر میں انہیں بم ناکارہ کرتے، تیز رفتار گاڑیاں چلاتے اور موٹر سائیکل پر پولیس اسٹیشن پہنچتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔اشنہ شاہ نے فلم میں ایک باکسر کا کردار ادا کیا ہے۔ ٹریلر میں انہیں باکسنگ کی تربیت حاصل کرنے کے بعد رنگ میں حریف کا مقابلہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔شیروز کی ہدایت کاری ثاقب خان اور بدر محمود نے کی ہے جبکہ محسن علی، ہاشم ندیم اور آمنہ مفتی نے فلم کی کہانی تحریر کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں