فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ترکھانی کے علاقہ 225 گ ب میں طلاق کا مطالبہ کرنے پر مشتعل شوہر نے بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل شوہر کی تلاش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ 225 گ ب چگاواں کی رہائشی 45سالہ حلیمہ بی بی زوجہ بشیر احمد جو کہ پانچ بچوں کی ماں تھی، اس کا شوہر 2020ء میں وفات پا گیا تو حلیمہ بی بی نے 6ماہ قبل ظفر اقبال ولد محمد شریف سے دوسری شادی کر لی اور اپنے بچوں سے علیحدہ شوہر کے پاس رہتی تھی، گھریلو حالات کی وجہ سے وہ شوہر ظفر اقبال سے طلاق لینا چاہتی تھی اور میاں بیوی میں اکثر جھگڑا رہنے لگا، گزشتہ شب میاں بیوی میں دوبارہ جھگڑا ہوا تو شوہر ظفر اقبال نے چھری سے حلیمہ بی بی کا گلہ کاٹ دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی تو حلیمہ بی بی زندگی کی بازی ہار چکی تھی۔ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل شوہر کی تلاش شروع کر دی ہے۔




