فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)عوامی شکایات پر ایس ڈی ای او پیرا فورس فیصل آباد سٹی نعمان مجید گجر کو ضلع بدر کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق نعمان مجید گجر ایس ڈی ای او فیصل آباد پیرافورس کے خلاف بہت زیادہ عوامی شکایات تھیں جو روز بروز بڑھتی ہی جا رہی تھیں۔ گزشتہ دنوں ڈی جی پیرا فورس پنجاب فلائٹ لیفٹیننٹ (ر)حافظ کامران اصغر نے فیصل آباد کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران انہیں نعمان مجید گجر ایس ڈی ای او کے خلاف بہت زیادہ شکایات موصول ہوئیں۔ جس پر ڈی جی پیرا فورس پنجاب نے نعمان مجید گجر کو اپنا رویہ اور کارکردگی بہتر بنانے کی وارننگ دی مگر اس کے باوجود نعمان مجید گجرکے متعلق شکایات بڑھتی گئیں۔ اس بناء پر انہیں فیصل آباد سے ضلع بدر کر دیاگیا۔نعمان مجید گجر کی خدمات ضلعی انتظامیہ ڈیرہ غازی خان کے سپرد کر دی گئیں۔وہاں پر انہیں اسسٹنٹ کمشنر لگایا جائے گا۔ واضح رہے کہ لاہور’ فیصل آباد جیسے علاقوں سے ڈیرہ غازی خان جیسے انتہائی دور دراز اور پسماندہ علاقے میں ان افسران کو تبدیل کیا جاتا ہے جن کے متعلق بہت زیادہ عوامی شکایات ہوتی ہیں۔ نعمان مجید گجربھی ان افسروں میں شامل ہو کر ڈیرہ غازی خان پہنچ گئے ہیں۔




