مانسہرہ (نامہ نگار) مانسہرہ کے سیاحتی مقام بابو سرٹاپ ،وادی کاغان ،ناران کے پہاڑوں پر برف باری موسم سرد ہو گیا ،محکمہ موسمیات نے راولپنڈی میں مزید شدید بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔تفصیلات کے مطابق وادی کاغان ،ناران کے پہاڑوں پر برفباری سے موسم سرد ہو گیا ، ضلعی انتظامیہ کے مطابق برف باری کے باوجود راستے کھلے ہیں۔محکمہ موسمیات نے راولپنڈی میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شہر کا مطلع ابرآلود ہے اور شدید بارشوں کا بھی امکان ہے۔ واسا حکام کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں میں واسا کی اضافی ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں، نالہ لئی کے اطراف ریسکیو 1122، واسا اور سول ڈیفینس کا عملہ تعینات ہے۔ادھر نالہ لئی سمیت تمام نالوں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے جب کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔محکمہ موسمیات نے آج لاہور میں بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ شہر میں 40 سے 60 فیصد تک بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔




