فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پرکمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (ایف آئی سی) کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف وارڈز میں زیرعلاج مریضوں کی عیادت کی۔انہوں نے مریضوں ولواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے ادویات کی فراہمی اور علاج معالجہ بارے دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کو درکار وسائل کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے280بیڈز پر مشتمل نئے ایمرجنسی بلاک کی تعمیراتی پیشرفت کا معائنہ کیا۔ مخیر کاروباری حضرات کے زیراہتمام55 کروڑ روپے کی لاگت سے 4 منزلہ ایمرجنسی بلاک مکمل ہوگا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ ہسپتال میں روزانہ4000 دل کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کو اوپی ڈی پر سروسز فراہم کی جارہی ہیں۔اسی طرح مریضوں کو گھروں کی دہلیز پر ادویات پہنچا کر ایف آئی سی پنجاب بھر میں سرفہرست رہا۔ نئے ایمرجنسی بلاک کے قیام سے نہ صرف ڈویژن بلکہ ملحقہ اضلاع کے دل کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کو مزید تیز رفتار سروسز دستیاب ہونگی اورنئے ایمرجنسی بلاک سے بیڈز کی تعداد 600 ہوجائے گی۔اس موقع پر چیف منسٹر ہارٹ سرجری پروگرام پر عملدرآمد بارے بریفنگ بھی دی گئی۔




