برسلز (سپورٹس نیوز) سری لنکا کے 23 سالہ ابھرتے ہوئے جیولین تھروور رومیش تھارانگا پتھیراگے نے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل کے بعد برسلز میں ڈائمنڈ لیگ کا فائنل جیت کر عالمی سطح پر اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔اس شاندار کارکردگی کے بعد اب ان کی تمام تر توجہ جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز پر مرکوز ہے، جہاں نیرج چوپڑا کی عدم موجودگی میں ان کا سب سے بڑا ٹاکرا پاکستان کے اولمپک چیمپیئن ارشد ندیم سے ہوگا۔رومیش تھرنگا پاتھیرناگے ڈائمنڈ لیگ کا فائنل جیتنے والے تاریخ کے پہلے سری لنکن ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔برسلز کے کنگ بوڈوئن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل کے تیسرے رانڈ میں انہوں نے 89.04 میٹر کی شاندار تھرو کر کے یہ وقار حاصل کیا۔مقابلے کے دوران پولینڈ کے ڈیوڈ ویگنر نے 87.47 میٹر کی پرسنل بیسٹ تھرو کے ساتھ برتری حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم رومیش نے فوری جوابی وار کرتے ہوئے سب کو پیچھے چھوڑ دیا اور اختتام تک اپنی برتری قائم رکھی۔اس مقابلے میں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے سابق اولمپک چیمپیئن کیشورن والکوٹ 83.99 میٹر کی تھرو کے ساتھ تیسرے، جبکہ گریناڈا کے 2 بار کے عالمی چیمپیئن اینڈرسن پیٹرز 83.70 میٹر کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔رومیش نے اپنی جیت پر بے پناہ خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا جیسے چھوٹے ملک سے تعلق رکھنے کے باوجود اتنے بڑے ایونٹ میں فتح حاصل کرنا میرے لیے بہت فخر کی بات ہے۔ تاہم ان کا ماننا تھا کہ وہ اس سے بھی بہتر کارکردگی دکھا سکتے تھے۔




