غیر اخلاقی ویڈیو وائرل کرنیکی دھمکی دیکر امام مسجد سے بھتہ وصول کرنیوالے2ملزم گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایس ایچ او تھانہ رضاآباد محمد سفیان بٹر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ غیر اخلاقی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکی دیکرامام مسجد سے بھتہ وصول کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیل کے مطابق رضاآباد کے علاقہ محلہ صدیق اکبر ٹائون کی جامع مسجد ابوبکر کے امام روح الامین نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ملزم احسن ولد مسعود سکنہ گارڈن ٹائون مسجد کے باہر ملا اور کہا کہ آپ کی غیر اخلاقی ویڈیو اس کے دوست مدثر ولد اکرم سکنہ عثمان غنی کے ساتھ بنی ہوئی ہے۔ رقم کا مطالبہ کیا ورنہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردونگا اور ملزمان بلیک میل کرتے ہوئے مختلف اوقات میں گھریلو سامان’ نقدی تقریباً 15لاکھ روپے وصول کر چکے ہیں اور اب مزید 5لاکھ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ملزمان کی بلیک میلنگ سے تنگ آ کر پولیس کو اطلاع کی تو رضاآباد پولیس نے مقدمہ درج کر لیا اور ایس ایچ او سفیان بٹر نے ٹیکنیکل وسائل اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر مذکورہ ملزمان احسن اور مدثر کو گرفتار کر کے بازپرس شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پکڑے جانیوالے ملزمان سے مختلف پہلوئوں پر تفتیش جاری ہے اور شہریوں کو ہراساں کر کے بھتہ خوری کرنے والے عناصر کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں