فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے تحصیل سمندری کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایس پی صدر ڈویژن مہر سعید، ایس ڈی پی اوز اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔سمندری میں نجی مارکی میں پہنچنے پر ڈائریکٹر رانا عبدالحفیظ اور پرنسپل مرزا عمران اشرف اور دیگر سٹاف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔آرپی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے کونکورڈیا کالج سمندری میں پوزیشن ہولڈر طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں لیپ ٹاپ اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ طلبہ ملک و قوم کا مستقبل ہیں، محنت اور تعلیم ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ کردار سازی اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہوگا۔ انہوں نے طلبہ کو منشیات سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات کی طرف راغب کرنے والوں کوکوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔بعد ازاں آر پی او فیصل آباد نے تحصیل بار سمندری کا وزٹ کیا۔تحصیل بار سمندری پہنچنے پرممبر پنجاب بارکونسل چودھری محمد مشتاق، بارایسوسی ایشن سمندری کے صدر رانا شعیب،ایڈووکیٹ رانا زبیر اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔آرپی او فیصل آباد نے جوڈیشل کمپلیکس سمندری میں ای خدمت سہولت مرکز کا افتتاح کیا۔آر پی او سہیل اختر سکھیرانے اس موقع پرکہا کہ شہریوں کو فوری اور شفاف پولیس سروسز کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ جبکہ پولیس اور وکلا کے باہمی تعاون سے انصاف کی بروقت فراہمی مزید موثر بنائی جا سکتی ہے۔ بعد ازاں آر پی او فیصل آباد نے تحصیل بار تاندلیانوالہ کا وزٹ کیا۔تحصیل بار تاندلیانوالہ پہنچنے پرصدر بار ملک محمد مصطفی وٹو،سیکرٹری مہر علی رضا ساجد اور بارایسوسی ایشن تاندلیانوالہ نے ان کا استقبال کیا۔۔آرپی او فیصل آباد نے تاندلیانوالہ بار میں ای خدمت سہولت مرکز کا افتتاح کیا آر پی او سہیل اختر سکھیرانے اس موقع پرکہاکہ شہریوں کو ای خدمت مرکز میں 18سے زائد سہولیات میسر ہونگی اور مزید کہا کہ وکلا اور پولیس مل کر جرائم کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں۔بعد ازاں آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے قرآن محل شریف سمندری کا خصوصی دورہ بھی کیا اور منتظمین سے ملاقات کرکے ادارے کی خدمات اور شہید قرآن پاک کے اوراق کے تحفظ کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کے مقدس اوراق کا احترام اور تحفظ ہم سب کی دینی ذمہ داری ہے۔ قرآن محل مقدس اوراق کو اسلامی تعلیمات کے مطابق باعزت طریقے سے محفوظ کرنے میں قابلِ تحسین کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ مقدس اوراق کو نہروں اور دریائوں میں بہانے کے بجائے محفوظ طریقے سے قرآن محل پہنچایا جائے۔




