فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گوکھوال کے قریب واردات کے بعد فرار ہونیوالے ڈاکوئوں کی موٹر سائیکل گٹر کے ڈھکن کے ساتھ ٹکرا گئی’ جس کے باعث موٹر سائیکل سے گر کر ایک مبینہ ڈاکو ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا موقع سے بھاگ گیا۔ ایس ایچ او تھانہ ملت ٹائون سب انسپکٹر علی اکبر کے مطابق 121گوکھوال کے علاقے میں واردات ہونے کی اطلاع پر پولیس فورس کے ہمراہ موقع پر پہنچے تو لٹنے والے نوجوان عرفان نے بتایا کہ اس سے موٹر سائیکل سوار دو ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر نقدی اور موبائل فون چھین لیااور فرار ہو گئے۔ اس کے بعد تیز رفتاری کی وجہ سے ان ڈاکوئوں کی موٹرسائیکل سڑک کے درمیان گٹر کے ڈھکن سے ٹکرا گئی اور دونوں ڈاکو موٹر سائیکل سے گر گئے ان میں سے ایک کے سر پر چوٹ لگی اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکو کی نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی۔مرنیوالے ڈاکو کی شناخت نعمان حیدر ولد محمد صدیق سکنہ جیلانی پارک کے نام سے ہوئی جو ریکارڈ یافتہ ڈاکو تھا۔دوسرے ڈاکو کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




