لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث نے کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 2026 کی سرفہرست ٹیم گیانا ایمیزون واریئرز میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔محمد حارث اس سے قبل گلوبل سپر لیگ میں فرنچائز کی نمائندگی کرچکے ہیں اب وہ سی پی ایل کے بقیہ میچوں کے لیے گیانا ایمیزون سے کھیلیں گے، انہیں افغانستان کے رحمان اللہ گرباز کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔رحمان اللہ گرباز بھارت کے خلاف 13 ستمبر سے شروع ہونے والی تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے افغان قومی ٹیم کو جوائن کرنے کی غرض سے ٹورنامنٹ چھوڑ کر جا رہے ہیں۔گیانا ایمیزون نے محمد نبی کے متبادل کے طور پر بنگلا دیشی آل رائونڈر مہدی حسن مراد کو بھی سائن کر لیا ہے جو افغانستان کے لیے قومی ڈیوٹی کی وجہ سے سی پی ایل چھوڑ رہے ہیں۔محمد نبی گیانا ایمیزون واریئرز کی نمائندگی کرتے ہوئے چھ اننگز میں چھ سے کم کی اکانومی ریٹ کے ساتھ 12 وکٹیں حاصل کیں۔گرباز نے بھی بطور اوپنر ایمیزون کی نمائندگی کرتے ہوئے دو اننگز میں 93 رنز بنائے۔افغان اوپنر نے جمیکا کنگز مین کے خلاف 35 گیندوں پر 54 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور اس کے بعد پیٹریاٹس کے خلاف 25 گیندوں پر 39 رنز بنائے۔ بنگلا دیش کے مہدی حسن سی پی ایل میں ڈیبیو کرنے کے لیے تیار ہیں جنہیں اس سے قبل 2017 میں ترینباگو نائٹ رائیڈرز کے اسکواڈ میں بطور متبادل کھلاڑی منتخب کیا گیا تھا۔ تاہم بنگلہ دیشی آل رائونڈر نے اس وقت سی پی ایل کا کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔




