کراچی (شوبز نیوز) پاکستانی سپر ماڈل اور اداکارہ جیا علی نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں سامنے آنے والے ایک پرانے اسکینڈل پر خاموشی توڑ دی۔اداکارہ پر معروف بیوٹیشن، کاروباری شخصیت اور سماجی کارکن مسرت مصباح کے شوہر کے ساتھ مبینہ تعلقات کا الزام عائد کیا گیا تھا۔جیا علی نے اپنے کیریئر کا آغاز مسرت مصباح کے سیلون سے کیا تھا، وہ اس وقت صرف 18 سال کی تھیں، بعد ازاں انہیں سیلون کی ملازمت سے فارغ کر دیا گیا، جس کے بعد ان کا نام مسرت مصباح کے شوہر عامر کے ساتھ جوڑا گیا۔یہ معاملہ اس وقت مزید سنگین ہو گیا جب مسرت مصباح اور عامر کی شادی ختم ہو گئی۔ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے جیا علی نے کہا ہے کہ اس وقت میں انتہائی کم عمر تھی اور شادی کے مسائل اور اس صورتِ حال کی پیچیدگیوں کو پوری طرح سمجھنے کی پوزیشن میں نہیں تھی۔جیا علی نے بتایا ہے کہ مسرت مصباح کی عامر کے ساتھ یہ دوسری شادی تھی اور میں عامر کو اپنے بھائی کی طرح سمجھتی تھی، مسرت مصباح نے اپنی ازدواجی زندگی خراب ہونے کے باعث مجھے بعض معاملات سے روکنے کی کوشش بھی کی، تاہم کم عمری کی وجہ سے میں ان باتوں کے پسِ پردہ حالات کو سمجھ نہیں سکی۔جیا علی نے کہا ہے کہ بعد میں جب اس جوڑے کی طلاق ہو گئی تو چونکہ میں ایک نوجوان ماڈل تھی، اس لیے میرا نام مسرت مصباح کے شوہر کے ساتھ جوڑ کر اسکینڈل بنا دیا گیا۔ان کا کہنا ہے کہ اس تنازع کے باعث بعض جگہوں پر میرے کام کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی، تاہم میں نے بعد میں ماڈلنگ اور اداکاری کے میدان میں کامیابی حاصل کی۔




