اسلام آباد (بیوروچیف) جنگ ستمبر 1965 کے ہیرو میجر عزیز بھٹی شہید (نشان حیدر) کا61واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے، صدر مملکت آصف زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان کی مسلح افواج نے میجر راجہ عزیز بھٹی کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔صدرمملکت آصف زرداری نے خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی قربانی وطن کی مٹی کے تقدس اور عزم کی روشن مثال ہے، میجر عزیز بھٹی کی شجاعت قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔صدر زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گا، شہدا ملک کی آزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی کی مضبوط بنیاد ہیں، قوم اپنے بہادر شہدا کے جذب حب الوطنی کو ہمیشہ سلام پیش کرتی رہے گی۔دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر اور نیول چیف اور پاک فوج نے میجر عزیز بھٹی شہید کو یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق میجرراجہ عزیز بھٹی شہید نے 1965 کی جنگ میں برکی سیکٹر لاہور کا بہادری سے دفاع کیا۔ انہوں نے 5 دن اور 5 راتیں دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی جرات، قیادت اور لازوال قربانی قوم کے لیے مشعل راہ ہے۔علاوہ ازیں وزیر داخلہ محسن نقوی نے میجر عزیز بھٹی شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میجر عزیز بھٹی نے اپنے لہو سے دلیری کی عظیم داستان رقم کی، انہوں نے بی آر بی نہر پر دشمن کی پیش قدمی روک کر اس کا غرور خاک میں ملایا۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ 1965 کی جنگ میں میجر عزیز بھٹی شہید نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر لاہور کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔ میجر عزیز بھٹی شہید جیسے جری اور بہادر سپوت قوم کا فخر اور سر کا تاج ہیں۔ ان کی جرات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔




